Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

عثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کا بڑا فیصلہ، سینڈ پیپر اسکینڈل پر نیا فورم قائم کرنے کا اعلان

برسبین: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی جانب سے 2018 کے سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے انڈیپینڈنٹ فورم قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون اور چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 2018 میں دورہ جنوبی افریقہ کرنے والی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو اس فورم میں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق فورم میں شریک افراد کو خفیہ اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اسکینڈل سے متعلق اپنی یادداشتیں اور معلومات بلاخوف بیان کر سکیں۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے پر نئی تحقیقات شروع نہیں کی جائیں گی۔a

چیئرمین ڈیوڈ بون کا کہنا تھا کہ تمام پہلوؤں پر غور کے بعد فورم کے قیام کا فیصلہ کھیل کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے، کیونکہ اس معاملے پر مسلسل بحث کرکٹ سے توجہ ہٹا رہی ہے۔

سی ای او ٹوڈ گرینبرگ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ سے متعلق متعدد متضاد بیانات سامنے آئے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ افراد کو آزادانہ طور پر اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع ملے۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب ’’صبر‘‘ میں سینڈ پیپر اسکینڈل کے حوالے سے اہم انکشافات کیے تھے۔ ان کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اس معاملے کا علم تھا۔

اسکینڈل میں سزا پانے والے سابق کپتان ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چیڈ سیئرز نے بھی پوری ٹیم کو معاملے سے آگاہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹیم کے اجتماعی طور پر ملوث ہونے کے دعوے کو مسترد کیا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More