غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقوں میں نیا فوجی آپریشن شروع کر دیا، اسرائیلی ٹینکوں اور بلڈوزروں کی البریج اور النصیرات پناہ گزین کیمپوں کے شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی کے بعد ہزاروں فلسطینیوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔
اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران المغراقہ، وادی غزہ پل، الدعوہ محلے اور صلاح الدین روڈ کے مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فورسز کی پیش قدمی کے باعث متعدد خاندان اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے مقامی آبادی اور بے گھر فلسطینیوں کو علاقے خالی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوجی کارروائی کے باضابطہ اختتام تک متاثرہ علاقوں سے دور رہیں۔
حماس نے اسرائیلی فوجی آپریشن کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، جبکہ اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے کی خطرناک کوشش ہے۔ تنظیم نے اسرائیلی جارحیت کی ذمہ داری امریکا اور غزہ امن بورڈ پر عائد کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال سے زائد عرصہ قبل جنگ بندی کے اعلان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہری علاقوں میں باقاعدہ فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب غزہ کے وسطی علاقے المغراقہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔