لاہور: عالمی یومِ اطفال کے موقع پر پنجاب اسمبلی کی عمارت کو نیلی روشنیوں سے روشن کر دیا گیا، جس کا مقصد بچوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں ان کے مقام کو اجاگر کرنا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے بچوں کے حقوق کے لیے پارلیمانی کاکس کی جانب سے 20 نومبر 2026ء کو کیے گئے اس اقدام کو بچوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا گیا۔
اس موقع پر پیغام دیا گیا کہ ہر بچے کو رنگ، نسل، مذہب، معاشرتی پس منظر یا حالات سے بالاتر ہو کر تعلیم، صحت، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بچوں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی ریاستی اداروں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جہاں ہر بچے کی آواز سنی جائے، اس کے حقوق کا احترام کیا جائے اور اسے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع ملیں۔
پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں محفوظ، روشن اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔