سیالکوٹ: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے پیپلز پارٹی کو مشترکہ اپوزیشن میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بلاول بھٹو زرداری اپنے انتخابی مؤقف میں سنجیدہ ہیں تو پہلے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں واپس دلائیں۔
اسلم گھمن ایم این اے کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے بھی تسلیم کر لیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی ہیں، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اعتراف کیا ہے کہ 2024 کے انتخابات میں پی ٹی آئی سے زبردستی اور غیر قانونی طور پر انتخابی نشان چھینا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گورنر راج کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے، اب دیکھنا ہے کہ وہ اس میں شریک ہوتی ہے یا نہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پی ٹی آئی کی 77 مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی گئیں، جن میں سے 14 نشستیں پیپلز پارٹی کو دی گئیں۔ ان میں قومی اسمبلی کی 4، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 2 اور سندھ اسمبلی کی 2 نشستیں شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے مؤقف میں سنجیدہ ہیں تو پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں واپس کرنے کے ساتھ ان نشستوں پر منتخب ہونے والے اپنے ارکان سے استعفے بھی دلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں۔ پیپلز پارٹی مشترکہ اپوزیشن کا حصہ بننا چاہتی ہے تو اسے خوش آمدید کہیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی آزادی، ووٹ کے تقدس اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر کردار ادا کرنا چاہیے، ان اقدامات سے ملک میں سیاسی استحکام، معاشی خوشحالی اور قومی ترقی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔