بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری، وفاقی محکموں میں 5 ہزار 387 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ
کوئٹہ: وفاقی حکومت نے بلوچستان کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 31 وزارتوں اور ڈویژنوں میں صوبے کے کوٹے کی 5 ہزار 387 خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لائیولی ہڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت وفاقی محکموں میں بلوچستان کے لیے مختص خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے انتظامات مکمل کرنے اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور احساس محرومی میں کمی لانا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے افسران نے شرکت کی، جہاں شرکاء کو بھرتیوں کے طریقۂ کار، متعلقہ محکموں اور ضلعی رابطہ کمیٹیوں کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بھرتیوں کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے، اس کی تفصیلات متعلقہ وزارتوں اور اضلاع تک پہنچانے اور امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ مخصوص آسامیوں کے لیے ٹیسٹ 20 نومبر سے 8 دسمبر تک منعقد کیے جائیں گے۔
حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ، ڈومیسائل اور دیگر ضروری دستاویزات مکمل رکھیں۔ بلوچستان کوٹے کے تحت مختلف آسامیوں کے اشتہارات سرکاری پلیٹ فارمز پر جاری کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لائیولی ہڈ ڈیولپمنٹ پلان کا مقصد محض ملازمتوں کی فراہمی نہیں بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مستقل روزگار، ہنر مندی اور معاشی خود انحصاری کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔
ماہرین کے مطابق وفاقی محکموں میں ہزاروں آسامیوں پر بھرتیوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار ملنے کے ساتھ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع کے نوجوانوں نے وفاقی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بھرتیوں کا عمل شفاف، تیز رفتار اور مکمل طور پر میرٹ کے مطابق ہوگا۔
متعلقہ حکام کے مطابق دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو بھی ٹیسٹ اور انٹرویوز میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ وفاقی محکموں کو منتخب امیدواروں کی فہرستیں تیار کرکے حتمی ریکارڈ متعلقہ رابطہ کمیٹیوں کے حوالے کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔