لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبوں، انتظامی اصلاحات اور عوامی فلاح کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مریم نواز شریف نے وفد کو پنجاب حکومت کی کارکردگی اور عوامی سہولت کے لیے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبے کے انتظامی امور اور حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ عوامی خدمت کے لیے سیاسی وابستگی اور سفارش سے بالاتر ہو کر میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حکومت ایسا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جہاں کسی شہری کو اپنا جائز کام کروانے کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہ ہو۔
انہوں نے خواتین کی ترقی اور خودمختاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ہماری خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، اس لیے روایتی سوچ اور پرانی روایات میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے پنجاب میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے ملاقات کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے وفد کو پنجاب کے مختلف شہروں کے مطالعاتی دوروں کی دعوت بھی دی گئی۔
ملاقات کے اختتام پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ کو یادگاری سووینئر پیش کیا، جبکہ اس موقع پر گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی۔