Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام، پنجاب میں خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

 لاہور:   وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین اور بچوں کو ریپ، گھریلو تشدد، جنسی استحصال اور دیگر جرائم سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالتوں کی طرز پر خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم سے متعلق خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اینٹی ریپ ایکٹ متعارف کرایا جائے گا، جبکہ خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق موجودہ قوانین، جن میں گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کا تحفظ ایکٹ اور پنجاب ڈیسیٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ شامل ہیں، کو یکجا کرکے ایک جامع قانون بنایا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق نئے قانونی نظام کے تحت خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، جو خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات کی تیز رفتار سماعت کرکے متاثرین کو جلد انصاف فراہم کریں گی۔

وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے یہ تشویشناک اعداد و شمار آئے کہ 2025 کے دوران خواتین اور بچوں کے خلاف مقدمات میں سزا کی شرح صرف 0.7 فیصد رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے سزا کی انتہائی کم شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر قانون سازی اور خصوصی عدالتوں کے قیام کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص کی بیٹی کے ساتھ ریپ ہوا، تاہم ملزم عدالت سے بری ہوگیا اور انصاف نہ ملنے پر مایوس ہو کر متاثرہ لڑکی کے والد نے خودکشی کر لی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ 2025 میں بچوں کے خلاف جرائم کے 44 فیصد واقعات میں پڑوسی جبکہ 54 فیصد کیسز میں گھر کے افراد یا رشتہ دار ملوث پائے گئے۔ ان کے مطابق ان اعداد و شمار کے پیش نظر حکومت ایسے سخت اقدامات کرنا چاہتی ہے تاکہ ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اس معاملے پر چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گی، کیونکہ خواتین اور بچوں کا تحفظ وزیراعلیٰ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات نے خواتین کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ورچوئل پولیس اسٹیشنز، ہیلپ ڈیسک، ورچوئل سینٹرز فار چائلڈ سیفٹی اور موبائل پولیس اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ریپ اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔

ان کے مطابق ورچوئل پولیس اسٹیشن سے 12 لاکھ 40 ہزار خواتین نے رابطہ کیا، جبکہ 27 ہزار سے زائد افراد کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ گھریلو تشدد سے متعلق 96 ہزار 892 ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ایک لاکھ گمشدہ بچوں کو تلاش کرکے والدین کے حوالے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات سے متعلق سوال پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کو براہ راست کرپشن قرار نہیں دیا جا سکتا۔ آڈٹ پیراز پر متعلقہ محکمے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں وضاحت پیش کرتے ہیں اور جہاں مالی بے ضابطگی ثابت ہو وہاں ریکوری بھی کی جاتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آڈٹ پیراز میں سے 90 فیصد سے زائد نمٹا دیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آڈٹ رپورٹ کو کرپشن کا ثبوت سمجھا جائے تو وفاقی وزیر سالک حسین کو بھی اپنے زیر انتظام اوورسیز ڈیپارٹمنٹ کے آڈٹ پیراز کا جواب دینا ہوگا، جہاں 11 ارب روپے کے مختص بجٹ میں سے 7 ارب روپے کے آڈٹ پیراز سامنے آئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید دعویٰ کیا کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن کے ذریعے 723 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 408 سرکاری ملازمین مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے پکڑے گئے، جبکہ انکوائری کے بعد مزید 315 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

سرکاری طیارے کے استعمال اور اخراجات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ طیارے کی دیکھ بھال اور آپریشن پر اخراجات معمول کا حصہ ہیں اور ایک سال کے اخراجات کابینہ سے منظور کیے گئے ہیں۔ پاک فضائیہ ریاستی ملکیت کے طیاروں کی دیکھ بھال کرتی ہے اور پنجاب حکومت کا طیارہ بھی اسی مقصد کے لیے اس کے حوالے کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی سے وابستہ گروہوں کے خلاف آپریشن جاری ہیں، جبکہ دوسرے صوبوں میں پناہ لینے والے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ حکومتوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے سوال پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی حکومت، وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کریں گے، جبکہ پارٹی قیادت کے اتفاق رائے سے ہونے والے فیصلے پر پنجاب حکومت عملدرآمد کرے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] جانب نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے پنجاب میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More