عمران خان نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی زندگی اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں اور سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
عدالت نے انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور ماہر امراض قلب و چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا۔
خط کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے، جبکہ اہل خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی بھی محدود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رواں سال انہیں وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ بشریٰ بی بی بھی اپنے وکلا سے صرف ایک بار ملاقات کر سکی ہیں۔
عمران خان نے شکایت کی کہ عدالتی احکامات کے باوجود ان کے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات نہیں کروائی جا رہی اور اہلیہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی مسلسل منسوخ کی جا رہی ہے۔ جیل میڈیکل بورڈ نے ذہنی صحت کے لیے اہل خانہ سے رابطے، مطالعے اور ٹیلی ویژن کی سہولت فراہم کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم ان سفارشات پر عمل نہیں کیا گیا۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق فروری 2026 میں ایک وکیل نے ملاقات کے دوران بینائی میں شدید کمی کی نشاندہی کی تھی۔
بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق عمران خان نے لکھا کہ اپریل 2026 میں ان کی اہلیہ کی آنکھ کا پردہ متاثر ہوا تھا، جس کے بعد پیچیدہ سرجری کی گئی، تاہم اب بھی بینائی کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور انہیں فوری طور پر دوسری سرجری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی کے طبی ریکارڈ تک رسائی اور ان کے معالجین سے رابطے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
عمران خان نے خط میں اپنے بلڈ پریشر میں خطرناک اضافے کا بھی ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ گزشتہ ہفتے ان کا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا۔ ان کے مطابق ڈاکٹروں نے برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرات سے آگاہ کیا ہے، جبکہ ان کا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کیا اور کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف لینے کی کوشش نہیں کی، تاہم ان کی اپیلیں زیر التوا ہیں اور صحت و بنیادی حقوق کے معاملات پر توجہ نہیں دی جا رہی۔
خط میں القادر اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیے جانے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا اور کہا گیا کہ ان کی صحت، بشریٰ بی بی کی بینائی اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی ہسپتال بنانے اور غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے لیے وقف کی، آج وہ اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے صرف مناسب طبی سہولیات اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں، کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہتے۔
خط کے اختتام پر بانی پی ٹی آئی نے تینوں چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انہیں اور بشریٰ بی بی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور دیر ہونے سے پہلے انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔