Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

مریم نواز کے 5 ارب روپے کے ہرجانے کے نوٹس کا جواب جمع، سالک حسین نے بھی جوابی نوٹس بھجوا دیے

اسلام آباد:  وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چودھری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے 5 ارب روپے کے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا جواب بھجوا دیا، جبکہ انہوں نے مریم نواز اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو بھی ہتک عزت کے قانونی نوٹس ارسال کر دیے۔

چودھری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے قانونی نوٹس کا تحریری جواب اپنے وکیل کے ذریعے ارسال کیا ہے، تاہم جواب میں اختیار کیے گئے قانونی مؤقف اور دلائل کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

وفاقی وزیر نے 6 نومبر کو قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کا جواب دینے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں 11 نومبر کو انہوں نے بتایا کہ جواب تیار کر لیا گیا ہے اور جلد بھجوا دیا جائے گا۔

دوسری جانب چودھری سالک حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں تصدیق کی کہ انہوں نے اپنے قانونی مشیر کے ذریعے ہتک عزت کے دو نوٹس ارسال کیے ہیں، جن میں سے ایک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جبکہ دوسرا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری کے نام ہے۔

تاہم وفاقی وزیر نے جوابی قانونی نوٹسز کے مندرجات، ہرجانے کی رقم اور ان میں عائد کیے گئے الزامات کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات کے معاملے پر مریم نواز کی جانب سے چودھری سالک حسین کو 5 ارب روپے کا ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا گیا تھا۔ اب وزیراعلیٰ کے نوٹس کا جواب اور دونوں حکومتی شخصیات کو جوابی نوٹس بھیجے جانے سے فریقین کے درمیان جاری قانونی تنازع میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More