Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان کو ای سی او کی صدارت مل گئی، علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر زور

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، علاقائی تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے مشترکہ وژن کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم شہباز شریف سے ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان نے ملاقات کی۔ وفود ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں۔

ملاقات کے دوران علاقائی تعاون، معاشی انضمام، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ای سی او وزراء کونسل کے اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان تنظیم کے بنیادی مقاصد کے حصول اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

شہباز شریف نے 30ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد، اسلام آباد اعلامیے اور 2026 سے 2035 تک معاشی تعاون کے لیے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات خطے کی مشترکہ ترجیحات کے حصول میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان 2026 سے 2027 تک ای سی او کی صدارت سنبھال چکا ہے، اس مدت کے لیے موضوع ’’مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی تعاون کی بحالی‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تنظیم کے مشترکہ اہداف کو ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات میں ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی راہداریوں، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پہلے سے طے شدہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کی بدولت علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سڑکوں اور ریلوے پر مشتمل راہداریوں کے ذریعے کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں کو رکن ممالک سے منسلک کرنے کے مواقع موجود ہیں، جس سے بالخصوص خشکی میں گھرے ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔

وزیراعظم نے علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری بنیادی راستہ ہیں، جبکہ علاقائی سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے ای سی او کے تمام رکن ممالک کو دعوت دی کہ 2027 میں لاہور کو ای سی او کا سیاحتی مرکز قرار دیے جانے کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران ای سی او کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور تنظیم کے سیکرٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 2027 میں ای سی او وزراء کونسل کے آئندہ اجلاس اور سربراہی اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے وفود کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے، علاقائی تعاون، معاشی روابط اور مشترکہ ترقی کے اہداف کا حصول اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] پاکستان کی نشرا سندھو نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 8 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کپتان منیبہ علی کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More