کراچی: نیشنل جونیئر اینڈ گرلز اسکواش چیمپئن شپ کے بوائز انڈر 19 اور ویمنز مقابلوں میں عبیداللہ اور دامیہ خان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیے، جبکہ دیگر دو کیٹیگریز میں بھی سندھ کے کھلاڑی چیمپئن بن گئے۔
کراچی کی وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی میں منعقدہ چیمپئن شپ کے چاروں فائنلز کھیلے گئے۔ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور خیرپور شوگر ملز کے تعاون سے ہونے والے ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 8 لاکھ روپے تھی۔
بوائز انڈر 19 کے فائنل میں خیبرپختونخوا کے عبیداللہ نے سندھ کے سیکنڈ سیڈ عدنان زمان کو 1-3 سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی، جبکہ ویمنز فائنل میں سندھ کی دامیہ خان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنی ہم وطن ویشنوی کو 2-3 سے ہرا دیا۔
بوائز انڈر 15 کے فائنل میں سندھ کے راحیل وکٹر نے خیبرپختونخوا کے ٹاپ سیڈ فواد خان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ انڈر 11 کے فائنل میں سندھ ہی کے ایم بن نسیم نے محمد ابان کو زیر کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں مبین جمانی نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد، سی ای او خیرپور شوگر ملز فراز مبین جمانی، آصف بروہی، سیکریٹری نوید رحمان، ایم نسیم اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔