کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو 2026 میں محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی بھرپور شرکت اور ڈیجیٹل اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے سیکرٹری محکمہ بلدیات عبدالروف بلوچ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر بڑیچ، ڈپٹی سیکرٹری الیاس بلوچ، فوکل پرسن طحہٰ جنید اور سیکشن آفیسر مختیار زہری نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری عبدالروف بلوچ نے کہا کہ محکمہ بلدیات جدید ڈیجیٹل نظام کے فروغ، سرکاری خدمات کی بہتری اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی،
شفافیت اور عوامی خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
سیکرٹری بلدیات نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو 2026 کے لیے محکمہ کے جاری اقدامات، جدید منصوبوں اور ڈیجیٹل سہولیات کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے، تاکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور محکمہ کی ڈیجیٹل پیش رفت کو نمایاں کیا جا سکے۔