Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر ڈیجیٹل نگرانی اور سنسرشپ کے ذریعے آزادی کی تحریکیں دبانے کا الزام

 نیویارک: پاکستان نے عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں بڑھتی ہوئی سنسرشپ، ڈیجیٹل نگرانی اور انٹرنیٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو حق خودارادیت کی جائز تحریکوں کو دبانے اور عوامی رائے پر اثرانداز ہونے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے پریس قونصلر امانت علی نے جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی برائے خصوصی سیاسی اور نوآبادیاتی امور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں غیر شفاف الگورتھمز اور مواد سے متعلق پالیسیوں کے ذریعے عالمی سطح پر اطلاعات کے بہاؤ اور عوامی مباحثے کو متاثر کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش، ڈیجیٹل نگرانی، سنسرشپ اور ذرائع ابلاغ پر پابندیوں کے ذریعے جائز آوازوں کو دبانے، زمینی حقائق مسخ کرنے اور بنیادی حقوق و حق خودارادیت کی جدوجہد کو غیر معتبر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

پاکستانی مندوب نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا، نسل پرستی اور غیر ملکیوں سے نفرت کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان کے تدارک کیلئے بین الاقوامی تعاون اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

امانت علی کا کہنا تھا کہ کثیرالقومی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ہاتھوں غیر معمولی اختیارات کا ارتکاز روکنا ضروری ہے، جبکہ مقبوضہ علاقوں اور تنازعات سے متاثرہ خطوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو چھپانے کیلئے ذرائع ابلاغ پر عائد پابندیوں کا استعمال بھی روکا جانا چاہیے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ غلط معلومات، گمراہ کن پروپیگنڈا اور نفرت انگیز مواد اب محض ابلاغی مسائل نہیں رہے بلکہ معاشرتی تقسیم، عوامی اعتماد کو نقصان پہنچانے اور تنازعات کے دوران رائے عامہ کو متاثر کرنے کے ذرائع بن چکے ہیں۔

پاکستانی نمائندے نے مصنوعی ذہانت کی ترقی اور علم کے فروغ میں اس کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کا غلط استعمال بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی اور معلومات کی ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے، اس لیے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے شفاف عالمی نظام حکمرانی تشکیل دینا ناگزیر ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے شعبہ اطلاعات (ڈی جی سی) پر بھی زور دیا کہ کثیراللسانی نظام کے فروغ کیلئے مزید وسائل مختص کیے جائیں تاکہ مختلف سرکاری زبانوں کے درمیان اطلاعاتی فرق کم ہو اور مقامی اقوام متحدہ کے اطلاعاتی مراکز کے ذریعے مستند اور متوازن معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More