Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کا 45واں ایڈیشن آج سے شروع، 126 ممالک کے 3 ہزار سے زائد ناشرین شریک ہوں گے

 شارجہ:  متحدہ عرب امارات کے ثقافتی مرکز شارجہ میں ادب، علم اور کتابوں کے عالمی اجتماع شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کا 45واں ایڈیشن آج 4 نومبر سے شروع ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے ہزاروں ناشرین، مصنفین اور ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔

ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہونے والا یہ کتاب میلہ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں 126 ممالک سے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان شریک ہوں گے، جبکہ 17 لاکھ کتابیں نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق رواں سال میلے میں 106 بین الاقوامی مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ادبی نشستوں، مصنفین سے ملاقاتوں، کتابوں کی رونمائی، فکری مباحث اور تخلیقی سرگرمیوں سمیت تقریباً 1500 پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔

اس سال سلطنت عمان کو مہمان خصوصی ملک کا اعزاز دیا گیا ہے، جہاں عمانی ادب، تاریخ اور ثقافت کو مختلف پروگراموں کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔ عمان سے 50 شخصیات میلے میں شرکت کریں گی، جن میں 41 ادیب اور شاعر شامل ہیں۔ اس موقع پر معروف مراکشی محقق ڈاکٹر سعید یقطین کو عربی ادب اور تنقید میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں سال کی ثقافتی شخصیت کا اعزاز بھی دیا جائے گا۔

کتاب میلے میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے بھی خصوصی دلچسپی کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی شیف کوثر راجہ عالمی کھانوں کے خصوصی پروگرام میں شرکت کریں گی، جبکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ادیب، فنکار اور ماہرین اپنے تجربات اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔

بچوں کیلئے بھی تعلیمی سرگرمیوں، تخلیقی ورکشاپس اور مختلف پیشوں سے آگاہی کے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ نئی نسل میں مطالعے اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔

انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کیلئے دبئی اور عجمان سے خصوصی بس سروس، شارجہ کے دو مقامات سے مفت کشتی سروس اور اضافی پارکنگ کا انتظام کیا ہے۔ دبئی کے اتصالات میٹرو اسٹیشن اور سٹی سینٹر عجمان سے روزانہ صبح 9 بجے، دوپہر ایک بجے اور شام 5 بجے بسیں روانہ ہوں گی، جبکہ واپسی کیلئے دوپہر 12 بجے، شام 4 بجے اور رات 9 بجے سروس دستیاب ہوگی۔

شارجہ بین الاقوامی کتاب میلہ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں قارئین کو دنیا بھر کی کتابوں تک رسائی، معروف مصنفین سے ملاقات اور مختلف ثقافتی و ادبی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع میسر آئے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More