کراچی: پاکستانی اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ نے لیجنڈری اداکار قوی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم فنکار کبھی دنیا سے رخصت نہیں ہوتے بلکہ ان کی خدمات اور میراث ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پر اپنی فلم ’’قائدِاعظم زندہ باد‘‘ کا ایک یادگار منظر شیئر کیا، جس میں مرحوم اداکار قوی خان بھی نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے تصویر کے ساتھ پیغام میں لکھا کہ لیجنڈز کبھی نہیں مرتے، ان کی میراث ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے اس منظر میں قوی خان بارش کے دوران بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کی تصویر پر مشتمل فریم تھامے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ ان کی پُراثر اداکاری اس منظر کو جذباتی بنا دیتی ہے۔
فلم ’’قائدِاعظم زندہ باد‘‘ میں قوی خان نے منور مہاراج کا کردار ادا کیا تھا، جو فہد مصطفیٰ کے کردار انسپکٹر گلاب کے والد تھے۔ ان کا کردار دیانت داری، اصول پسندی اور ذمہ داری کی علامت تھا، جو فلم میں ان کے بیٹے کے کردار سے بالکل مختلف دکھایا گیا تھا۔
2022ء میں ریلیز ہونے والی اس ایکشن کامیڈی فلم میں ماہرہ خان نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ قوی خان کی یہ فلمی پرفارمنس مارچ 2023ء میں ان کے انتقال سے قبل ان کی آخری اداکاریوں میں شمار ہوتی ہے۔
فہد مصطفیٰ کی اس پوسٹ کو قوی خان کی فنی خدمات اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کیلئے ان کی گراں قدر میراث کو یاد کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔