اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت سے منسلک مدرسہ اختر العلوم کو تعمیراتی قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف بلڈنگ کنٹرول (ساؤتھ) نے اسلام آباد میں قائم مدرسہ اختر العلوم کی عمارت کے تعمیراتی نقشوں کی منظوری حاصل کیے بغیر تعمیر کیے جانے پر انتظامیہ کو باضابطہ نوٹس بھجوا دیا ہے۔
نوٹس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 (ترمیم شدہ 2023) کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے مدرسے کی انتظامیہ کو قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ڈی اے نے حکم دیا ہے کہ نوٹس جاری ہونے کے 15 روز کے اندر عمارت کے تعمیراتی نقشے متعلقہ اتھارٹی میں جمع کرائے جائیں، بصورت دیگر سی ڈی اے آرڈیننس اور متعلقہ بلڈنگ کنٹرول قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کرانے اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی صورت میں مدرسے کی عمارت کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔