Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بینائی سے محروم شہری کے علاج کا دنیا بھر میں انتظام کرنے کا اعلان، وزیراعلیٰ بلوچستان نے بے روزگار دوست کو بھی رکشہ تحفے میں دے دیا

 – کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بینائی سے محروم شہری محمد زاہد کے علاج اور بینائی کی بحالی کی مکمل ذمہ داری لینے کا اعلان کرتے ہوئے ان کی مالی معاونت کی، جبکہ ان کے غریب اور بے روزگار دوست جان محمد کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے رکشہ تحفے میں دے دیا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے محمد زاہد سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے محمد زاہد کے دوست جان محمد کو بھی روزگار کے لیے رکشہ فراہم کیا۔

محمد زاہد اور جان محمد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی اور عملی معاونت کو سراہا۔

محمد زاہد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اس سے قبل بھی ان کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے فراہم کر چکے ہیں اور روزگار کے حصول میں بھی مدد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ ان کی مشکلات کو سمجھا اور انہیں کبھی مایوس نہیں کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی حقیقی خدمت ہے، کسی ضرورت مند کے چہرے پر خوشی لانا ان کے لیے سب سے بڑا اطمینان ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ محمد زاہد کی آنکھوں کے علاج اور بینائی کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ اگر ان کا علاج لندن، امریکا، دبئی یا دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک میں ممکن ہوا تو وہاں علاج کے انتظامات بھی حکومت کی جانب سے کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل حالات سے دوچار شہریوں کا سہارا بننا ریاست کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی مستحق فرد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ معذوری کسی انسان کی صلاحیتوں یا عزت نفس کو کم نہیں کرتی، ایسے افراد کو باوقار زندگی گزارنے اور خودمختار روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی کوشش ہے کہ کوئی بھی مستحق شہری علاج، روزگار اور بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے، کیونکہ انسانیت کی خدمت ہی ان کا نصب العین ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More