میرانی ڈیم: (5 نومبر 2026) محکمہ آبپاشی نے میرانی ڈیم کے لیفٹ بینک کینال کے کمانڈ ایریا میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی کنکشنز ختم کر دیے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق یہ کارروائی پیرانی لمب، بند گاہ، وڈھ اور سنگہی کے علاقوں میں کی گئی، جہاں غیر قانونی طور پر نہری پانی حاصل کرنے والے کنکشنز کو منقطع کیا گیا۔
محکمہ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا، جبکہ میرانی ڈیم کے کمانڈ ایریا میں پانی کی فراہمی صرف قانونی طور پر مستحق زمینداروں کو ان کے مقررہ آبی حصے اور حقوق کے مطابق کی جائے گی۔
محکمہ آبپاشی نے غیر قانونی کنکشنز قائم کرنے والے بڑے زمینداروں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر غیر قانونی سرگرمیاں ترک کر دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج سمیت قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ آبپاشی نے واضح کیا ہے کہ نہری پانی کی منصفانہ تقسیم، قانونی آبی حقوق کے تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔