کوئٹہ: وزارت داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اصغر خان اچکزئی اپنی سیاسی ساکھ بحال کرنے کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ اے این پی خود صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔
اپنے بیان میں بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ایک ایک انچ پر صوبائی حکومت کی رٹ قائم ہے۔ سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کے لیے دن رات سرگرم ہیں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں، کسی شرپسند یا دہشت گرد کو بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس، سیاسی مشاورت اور اختلاف رائے جمہوریت کا حصہ ہیں، تاہم ایسے فورمز کو صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر بے بنیاد تنقید کے لیے استعمال کرنا بچگانہ سیاست ہے۔ بلوچستان کے حساس حالات سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے سنجیدگی، اتحاد اور مشترکہ ذمہ داری کا تقاضا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت امن و امان کی بحالی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
معاون وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کا امن، عوام کا تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔