Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں سیاسی گھٹن اور بدامنی میں اضافہ، عوام مشکلات کا شکار ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے صوبے میں بڑھتی ہوئی سیاسی گھٹن، بدامنی اور جمہوری سرگرمیوں پر عائد پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات ماضی کے مقابلے میں مزید خراب ہوئے ہیں، عوام سیاسی بے اختیاری اور عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ ریاست اور مسلح گروہوں کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات عام شہریوں پر پڑ رہے ہیں۔

کوئٹہ پریس کلب میں نیشنل پارٹی کی نو منتخب ضلعی کابینہ کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے جاری بدامنی نے صوبے کے سماجی، معاشی اور سیاسی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

نوجوان بالخصوص اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں، لوگوں کی آزادانہ نقل و حرکت محدود ہے، کاروبار متاثر اور سرحدی راستے بند ہونے سے غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات کے بعد سیاسی عمل کے لیے گنجائش مزید محدود ہوئی ہے اور آئین پر عملدرآمد دکھائی نہیں دے رہا۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم اور صوبائی خودمختاری جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوئیں، اس لیے انتخابی نتائج میں مبینہ مداخلت کے باوجود سیاسی جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔

سابق وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی۔ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ متعلقہ قوموں کی رضامندی سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے مائنز اینڈ منرلز بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے معدنی وسائل سے متعلق فیصلوں میں صوبے کے عوام اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ تنظیم کو مزید فعال بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے اور کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے تمام برادریوں کو ساتھ لے کر چلیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی نے کہا کہ بلوچستان اس وقت شدید بدامنی اور مشکلات سے دوچار ہے۔ ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک سفر کرنا دشوار ہو چکا ہے، کاروباری افراد کی گاڑیاں چھینی جا رہی ہیں اور لوگوں کو تاوان کے لیے اغوا کیا جا رہا ہے، جبکہ نوجوانوں کی جبری گمشدگیوں کے واقعات بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارکھان سمیت مختلف علاقوں میں لوگوں کو اپنے آبائی علاقوں سے نکلنے کے احکامات دیے جا رہے ہیں، حالانکہ لوگوں کو ان کے آبائی گھروں اور زمینوں سے محروم کرنا مسائل کا حل نہیں۔ حکومت کو نقل مکانی پر مجبور کرنے کے بجائے عوام کے تحفظ، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینی چاہیے۔

میر کبیر احمد محمد شہی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں خوراک، صحت، تعلیم اور روزگار کے مسائل سنگین ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی تشہیر کے بجائے عوام کو درپیش حقیقی مسائل حل کیے جائیں۔ نیشنل پارٹی کے کارکن عوام کے حقوق، عزت اور جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔

تقریب سے شاوس خان بزنجو، حاجی عطاء محمد بنگلزئی، جان محمد بلیدی، فدا حسین دشتی، رحمت صالح بلوچ، علی احمد لانگو، چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […]   ایف سی بلوچستان کے تعاون سے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (ٹی ٹی سی) سوئی میں […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More