لاہور: (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر نے لاہور کی تین بڑی جامعات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کرتے ہوئے قومی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان پاک فوج نے یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں طلبہ اور فیکلٹی ممبران سے ملاقاتیں کیں۔
اس دوران شرکاء نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلی اور جامع جوابات دیے۔
مکالمے کے دوران قومی و عالمی صورتحال، افغانستان سمیت خطے میں بدلتی جیوپولیٹیکل صورتِ حال اور قیام امن کے لیے پاک فوج کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
طلبہ اور اساتذہ نے جامعات میں براہِ راست مکالمے کے اس اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی نشستوں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔
نشستوں کے دوران طلبہ نے معرکہ حق میں پاک افواج کی کامیابی کو سراہتے ہوئے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔