Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

 چھ کروڑ مستفید، بی آئی ایس پی نے بڑا اعلان کردیا

بدین: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت دی جانے والی مالی معاونت کوئی خیرات نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کا قانونی حق ہے، ملک بھر میں 6 کروڑ سے زائد افراد اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں، بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کے لیے فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔

بدین میں سول سوسائٹی کی خواتین نمائندگان اور مقامی بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق شفاف انداز میں کام کر رہا ہے اور اس کے تمام اقدامات کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی پر تنقید کرنے والے بعض حلقے اپنے چندہ جمع کرنے کے نظام میں آڈٹ اور جوابدہی کے مؤثر طریقہ کار کو نظرانداز کرتے ہیں، جبکہ بی آئی ایس پی شفافیت اور احتساب کے اصولوں کے تحت کام کر رہا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عوام کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔

بی آئی ایس پی کی بدولت خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بڑی تعداد میں خواتین نے شناختی کارڈ بنوا کر پروگرام میں رجسٹریشن کرائی، جس سے خواتین کی سرکاری نظام اور مالی سہولتوں تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے بینظیر ہنرمند پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت مستفید خاندانوں کی خواتین اور نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی تاکہ وہ ہنر سیکھ کر روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے بتایا کہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ بچے جبکہ بینظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے 22 لاکھ خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔ ان پروگراموں کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو مالی سہارا دینے کے ساتھ بچوں کی تعلیم اور خواتین کی صحت و غذائیت کو بہتر بنانا ہے۔

ڈیجیٹل والٹ نظام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1LINK کے ذریعے انٹرآپریبلٹی کی سہولت متعارف کرانے سے خواتین کو رقم وصول کرنے کے لیے کسی مخصوص بینک یا علاقے تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔ مستحق خواتین ملک بھر میں شریک بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے اپنی رقوم وصول کر سکیں گی۔ اس نظام سے ادائیگیوں میں شفافیت، آسانی اور مالی شمولیت کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے سول سوسائٹی کی خواتین نمائندگان سے ان کے مسائل اور شکایات بھی سنیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

ملاقات اور میڈیا گفتگو کے موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح، میر اللہ بخش ٹالپر، ارباب امان اللہ، تنزیلہ ام حبیبہ قمبراں اور بی بی یاسمین شاہ سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کاشف رضا منگی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، بی آئی ایس پی افسر عبدالقدیر مہیسر، سول سوسائٹی اور بلدیاتی نمائندگان بھی موجود تھے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More