اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پولینڈ کے شہر کراکو میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کا جاں بحق اور زخمی ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔
شہباز شریف نے حکومت پاکستان، پاکستانی عوام اور اپنی جانب سے پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک، جاں بحق افراد کے لواحقین اور پولینڈ کی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں پولینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔