پشاور / اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں انتظامی بنیادوں پر بڑے پیمانے پر بیوروکریسی کی سطح پر تبدیلیاں کر دی ہیں۔ 11 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو صوبے کا نیا چیف سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ متعدد سینئر افسران کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں: نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی اور 15 افسران کے تبادلے
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے سینئر افسر ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو خیبرپختونخوا کا نیا چیف سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں بطور سیکرٹری خدمات انجام دے رہے تھے۔ مردان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر فخر عالم کی یہ تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی۔ دوسری جانب، وفاقی حکومت نے سابق چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ (گریڈ 21) کو عہدے سے تبدیل کر کے فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں، حکومتِ پاکستان نے وزیراعظم آفس کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری اور چارسدہ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کر دی ہیں۔ محمد یحییٰ اخونزادہ اس سے قبل ساؤتھ و نارتھ وزیرستان میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان اور کے پی کے میں سیکرٹری صحت، تعلیم و اطلاعات کی ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 15 دیگر افسران کو بھی تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان افسران میں گریڈ 21 کے اکرام اللہ اور عنبر علی خان، گریڈ 20 کے شاہد اللہ اور سہیل خان شامل ہیں۔
اسی طرح گریڈ 19 کے افسران شاہ فہد، کیپٹن (ر) میاں عادل اقبال، محمد عثمان، کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم اور شفیع اللہ خان کے بھی تبادلے کر دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں گریڈ 18 کے افسران کیپٹن (ر) زبیر خان، وقار علی، کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، محمد احتشام الحق اور محمد فہیم کو بھی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔