اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے پلیٹ فارمز پر باہمی اشتراک کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بھی بات چیت کی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ علاقائی ترجیحات کے حصول کیلئے قریبی رابطہ کاری اور باہمی مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار اور بختیار سعیدوف نے پاکستان اور ازبکستان کے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔