Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ایران کا ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد قرار دینے کا فیصلہ، بیونس آئرس کا سخت ردعمل

 بیونس آئرس: ارجنٹائن نے ایران کی جانب سے اپنی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور ناقابلِ قبول الزام قرار دے دیا ہے۔

ارجنٹائن کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی بحریہ اور فضائیہ آئینی و قانونی ادارے ہیں، جن کی بنیادی ذمہ داری قومی خودمختاری کا تحفظ ہے۔ دونوں ادارے ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کام کرتے ہیں اور دیگر ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق ایرانی اقدام ارجنٹائن کی مسلح افواج کے خلاف بلاجواز الزام تراشی کے مترادف ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک روز قبل ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کا اعلان کیا تھا۔ تہران نے یہ فیصلہ ارجنٹائن کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے ردعمل میں کیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام 2019 میں منظور کیے گئے قانونِ اقدامِ متقابل کے تحت اٹھایا گیا ہے، جبکہ ارجنٹائن نے رواں سال اپریل میں پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ 1994 میں بیونس آئرس میں یہودی کمیونٹی کے مرکز امیا پر ہونے والا بم دھماکا بھی ہے۔ ارجنٹائن اس حملے کا ذمہ دار ایران اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کو قرار دیتا ہے۔ حملے میں 85 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، تاہم ایران اس واقعے میں ملوث ہونے کے الزامات کی مسلسل تردید کرتا رہا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More