چاروں صوبوں میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ، خواتین کو ایک چھت تلے قانونی معاونت ملے گی
\- اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملک بھر میں خواتین کو انصاف تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کر لیا۔
لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں ایک، ایک ویمن فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں خواتین سائلین کو محفوظ اور باوقار ماحول میں قانونی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2026-27 کے دوران چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ان مراکز کا قیام اہم ترجیح ہوگا۔ خواتین کو ایک ہی چھت تلے معلومات، قانونی مشورے اور مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں بار بار عدالتوں اور متعلقہ دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
مجوزہ مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز، خواتین کے لیے علیحدہ مشاورتی کمرے اور قانونی معاونت کی سہولیات دستیاب ہوں گی، جبکہ ثالثی اور تنازعات کے متبادل حل کے لیے بھی خصوصی جگہ مختص کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت ضرورت مند خواتین کو نفسیاتی اور سماجی معاونت فراہم کرنے کے علاوہ معذوری کی حامل خواتین کے لیے ریمپس، قابل رسائی داخلی راستے اور رہنما علامات بھی نصب کی جائیں گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین کی رازداری، تحفظ اور وقار کو یقینی بناتے ہوئے انصاف تک ان کی رسائی آسان بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے تعاون سے مراکز کے ڈیزائن کا ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کے تین بہترین ڈیزائن تمام ہائیکورٹس کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں کی ہائیکورٹس سے مشاورت مکمل جبکہ پہلے مرحلے کے چار مراکز کے لیے مقامات کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے نیسپاک کو مراکز کے قیام پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔