شجاع آباد: ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثہ صبح سوا پانچ بجے پیش آیا، جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان سمیت ریلوے ٹریک کے کنارے بیٹھے دکھائی دیے،
جبکہ اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ ملتان ڈویژن کی انتظامیہ بھی جائے حادثہ پر موجود ہے۔
ایک مسافر نے دعویٰ کیا کہ رحمان بابا ایکسپریس کی بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ روہڑی کے قریب درست کیے گئے تھے، تاہم اس بیان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی اور یہ واضح نہیں کہ اس کا حادثے سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔ بعض ذرائع کی جانب سے ٹرین کی رفتار تیز ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔