کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان کو زلزلوں، سیلابوں، خشک سالی اور دیگر قدرتی آفات کا مسلسل سامنا رہتا ہے، جن سے انسانی جانوں، بنیادی ڈھانچے، زراعت، مالداری اور عوام کے معاشی وسائل کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مختص فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال، عملی اقدامات کی جانچ اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔
ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی حکمتِ عملی تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جعفر خان مندوخیل کے مطابق متعلقہ اداروں کو آفات سے قبل حفاظتی اقدامات، بروقت امدادی کارروائیوں اور متاثرہ علاقوں کی بحالی پر یکساں توجہ دینی چاہیے۔ جدید سائنسی تحقیق، موسمیاتی پیش گوئی، بہتر منصوبہ بندی اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے قدرتی آفات کے نقصانات نمایاں حد تک کم کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے بلوچستان میں زیرِ زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح اور خشک سالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، چھوٹے ڈیم تعمیر کرنے، زیرِ زمین پانی کے پائیدار استعمال اور شجرکاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
گورنر بلوچستان نے صوبائی اور ضلعی سطح پر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور ریسکیو اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں، ماہرینِ ماحولیات، متعلقہ اداروں اور مقامی آبادی کے مشترکہ تعاون سے بلوچستان کو قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ محفوظ اور مستعد بنایا جا سکتا ہے۔