Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پیوٹن نے یوکرین جنگ ختم کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، امن مذاکرات میں کون سی بڑی شرط رکھ دی؟

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے اپنے سخت مؤقف میں نرمی سے انکار کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ ماسکو اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں سے متعلق مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گا، جبکہ یوکرین میں غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی بھی قبول نہیں کی جائے گی۔

روسی صدر نے کریملن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کے دوران جنگ کے خاتمے اور ممکنہ امن معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی نمائندے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں روس اور یوکرین کے درمیان دو روزہ مذاکرات کے بعد ماسکو پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پیوٹن کے ساتھ آئندہ امن مذاکرات کے امکانات پر بات چیت کی۔

ملاقات کے دوران روسی صدر نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ ماسکو یوکرین کے ان علاقوں پر کنٹرول سے متعلق اپنے مطالبات کم نہیں کرے گا جنہیں روس نے اپنے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیوٹن نے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج تعینات کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے بعد غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی درحقیقت جنگ جاری رکھنے کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ غیر فوجی یا درمیانی علاقوں کی تجویز پر بھی اعتراض کیا اور واضح حد بندی پر زور دیا۔

تاہم روسی صدر نے ایک اہم محاذی شہر میں مختصر مدت کی جنگ بندی کی پیشکش بھی کی، جسے مذاکرات کے دوران ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

پیوٹن کے سخت مؤقف سے جنگ کے فوری خاتمے کیلئے کسی معاہدے کی امیدوں کو دھچکا پہنچا ہے۔ اس سے قبل یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ 2027ء سے پہلے جنگ ختم کرنے کیلئے پیش رفت کا ایک موقع موجود ہے۔

دوسری جانب امریکی نمائندوں نے آئندہ مذاکرات میں یورپی ممالک کے نمائندوں کو بھی شامل کرنے پر زور دیا۔ ملاقات کے بعد اسٹیو وٹکوف نے روسی سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ پیوٹن نے اگلے مرحلے کے مذاکرات میں یورپی نمائندوں کی شرکت پر اتفاق کرلیا ہے۔

وٹکوف کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک امریکا کے شراکت دار ہیں اور ان کی شرکت امن مذاکرات کیلئے اہم ہوگی۔ اس موقع پر پیوٹن نے واشنگٹن کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ یہ طے کرے کہ آیا وہ یوکرین میں امن چاہتے ہیں یا جنگ۔

ادھر یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ محاذ پر رابطوں کیلئے اہم سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار شیلڈ پر نئی پابندیوں سے روسی ڈرونز کو روکنے کی یوکرینی صلاحیت متاثر ہورہی ہے، جس کے باعث مزید شہریوں اور فوجیوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

پیوٹن سے ملاقات کے بعد امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن روانہ ہوگئے، جہاں ان کی یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات طے تھی۔ زیلنسکی بھی وہاں یورپی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کیلئے موجود تھے۔

واضح رہے کہ روس نے فروری 2022ء میں یوکرین پر مکمل حملے کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد مشرقی اور جنوبی یوکرین کے کئی علاقے روسی کنٹرول میں چلے گئے، جبکہ ماسکو نے 2014ء میں کریمیا کو بھی اپنے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More