ٹرمپ ایران پر مزید حملوں کیلئے تیار تھے، سعودی عرب سمیت کن ممالک نے روک دیا؟ امریکی صدر کا بڑا انکشاف
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب، قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک نے امریکا سے ایران پر مزید بڑے حملے نہ کرنے اور موجودہ فوجی و معاشی دباؤ برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں اسٹیفن اے اسمتھ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ چند دنوں کے اندر ایران کے توانائی کے نظام، پلوں اور صنعتی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم علاقائی اتحادیوں کی درخواست پر فی الحال مزید بڑے حملوں سے گریز کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق سعودی عرب نے انہیں موجودہ صورتحال کچھ عرصے تک برقرار رکھنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین بھی موجودہ امریکی حکمت عملی جاری رکھنے کے حامی ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس حکمت عملی سے مکمل اتفاق نہیں کرتے، تاہم خلیجی ممالک کی درخواستوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ اگر اتحادی ممالک مزید حملے روکنے کی درخواست نہ کرتے تو کیا وہ ایران پر دوبارہ حملے کرتے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ ایسا ضرور کرتے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اگر فیصلہ کیا جائے تو ایک دن میں ایران کے توانائی کے نظام، پلوں اور صنعتی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، جبکہ اس کارروائی کے مکمل ہونے میں تین دن لگ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جنگ فوری طور پر ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن فی الحال ایران پر فوجی اور معاشی دباؤ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ ایران جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست میں کردار ادا کیا، تاہم انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کے باوجود ان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں امریکی فوج کا ابتدائی وارننگ ریڈار سسٹم تباہ کردیا ہے۔ اس سے قبل ایران کے جنوبی علاقے سیریک پر فوجی حملے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
ایران کے اس دعوے اور ٹرمپ کے تازہ بیان کے بعد خطے میں کشیدگی اور ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔