Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

50 سال پرانا انتظامی نظام اب نہیں چل سکتا، احسن اقبال نے بڑی تبدیلی کا عندیہ دے دیا

 نارووال:  وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملک کے انتظامی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 50 سال پرانے نظام سے مزید چمٹے رہنا درست نہیں، وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے۔

نارووال میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران ملک کی آبادی، وسائل اور عالمی حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، ایسے میں انتظامی نظام کو بھی عوامی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات ایک مسلسل عمل ہے، اسے روکنے کے بجائے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق آگے بڑھانا چاہیے۔ انتظامی ڈھانچے میں بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو وسیع تر قومی مفاد میں مل بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی مکالمے کے ذریعے انتظامی اصلاحات کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے، حکومت قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، جبکہ قانون کی بالادستی ہی ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ وکلا برادری جمہوریت کا اہم ستون ہے اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں اس کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ بار اور بینچ کے درمیان مضبوط تعاون سے نظام انصاف کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More