لاہور: پنجاب حکومت نے اپنے جدید سرکاری گلف اسٹریم طیارے کی دیکھ بھال اور آپریشنل امور پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کرلیا، صوبائی کابینہ نے اس حوالے سے پاک فضائیہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی بھی منظوری دے دی۔
سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیت کے باعث جدید گلف اسٹریم طیارے کو مکمل طور پر آپریٹ کرنے اور اس کی دیکھ بھال میں مشکلات کا سامنا تھا۔
دستاویزات کے مطابق گلف اسٹریم G-500 جدید اور پیچیدہ تکنیکی نظام کا حامل طیارہ ہے، جسے چلانے کے لیے خصوصی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاک فضائیہ کے پاس یہ تمام تکنیکی صلاحیتیں اور تجربہ کار عملہ موجود ہے۔
اسی ضرورت کے پیش نظر پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ نے طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور مینٹیننس پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کے لیے مشاورت کی۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق پنجاب حکومت کا گلف اسٹریم طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈی رجسٹر ہوچکا ہے، جبکہ پاک فضائیہ کی جانب سے اسے نیا ٹیل نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کو فراہم کیے گئے ہیں، جو صوبائی حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر طیارے کے فلائٹ آپریشن انجام دے رہے ہیں۔
طیارے کی محفوظ پرواز، مسلسل آپریشنل تیاری اور چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانے کے لیے انتظامات کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی کابینہ نے طیارے کی مینٹیننس، آپریشنل کنٹرول، سول ایوی ایشن سے ڈی رجسٹریشن اور پاک فضائیہ کی جانب سے ٹیل نمبر الاٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
مجوزہ ایم او یو میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی معاملات اور مالی انتظامات کی تفصیلات شامل ہیں، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر ایس اینڈ جی اے ڈی کو پنجاب حکومت کی جانب سے معاہدے پر دستخط کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔
[…] آبائی حلقے نارووال میں پنجاب دھی رانی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال […]