اپنے آبائی حلقے نارووال میں پنجاب دھی رانی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے مستحق خاندانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت کو بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ نسل ہی خاندان کو غربت سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے، والدین حکومتی معاونت اپنی اولاد کی تعلیم اور ترقی پر خرچ کریں تاکہ نئی نسل اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نارووال میں اعلیٰ تعلیم کے بڑے مواقع فراہم کر دیے گئے ہیں، اب میڈیکل، انجینئرنگ اور ایگریکلچر کی تعلیم بھی مقامی سطح پر دستیاب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم نوجوانوں کو کامیابی کی نئی منزلوں تک پہنچانے کا ذریعہ ہے، نئی نسل کو خودکفیل بنانے کے لیے تعلیم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاونت مستحق خاندانوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، والدین اپنی اولاد کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ غربت کے خاتمے اور خوشحالی کا خواب حقیقت بن سکے۔