کوئٹہ: معروف صحافی و مصنف بابر یوسفزئی کی کتاب ’’چراغِ راہ‘‘ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں سیاسی رہنماؤں، سابق حکومتی شخصیات، قبائلی عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بابر یوسفزئی نے اپنے اساتذہ اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو اپنا استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان سے صحافت اور حب الوطنی کا سبق سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ان کی آئیڈیل شخصیات ہیں۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ کتاب لکھنے کا مقصد بلوچستان کی نوجوان نسل میں امید، مثبت سوچ اور کامیابی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے تعمیری سوچ، قومی ترقی اور مثبت کردار کی جانب راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ احادیث اور قدیم تعلیمات کی روشنی میں بھی نوجوانوں کی رہنمائی کی کوشش کی گئی ہے، کیونکہ نوجوانوں کا مستقبل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑا ہے اور انہیں ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے خطاب میں بابر یوسفزئی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دلیری کے ساتھ پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ کتاب کو بلوچستان کے اسکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ نوجوان اس سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کتاب میں مصنوعی ذہانت کے اخلاقی پہلوؤں پر گفتگو کو بھی سراہا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کو سمجھنے کے لیے صوبے کے تاریخی اور سیاسی پس منظر کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ شورش جیسے مسائل کے حل میں سیاسی قیادت بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور مؤثر سیاسی بیانیے اور مکالمے کے بغیر صرف عسکری اقدامات سے مسائل کا مکمل حل ممکن نہیں۔
ریٹائرڈ میجر جنرل زاہد محمود نے کہا کہ بلوچستان کو سمجھنا پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، اس لیے صوبے کے مسائل، عوام کے جذبات اور پاکستانیت کے احساس کو بہتر طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے 95 صفحات پر مشتمل کتاب کو نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو درست سمت، حوصلہ افزائی اور زندگی کے واضح مقاصد کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو انسانیت، اسلام، پاکستانیت اور بلوچ روایات کے مثبت پہلوؤں سے روشناس کرانا اہم ہے۔
زاہد محمود نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صوبے کے اپنے لوگ باہمی افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکال سکتے ہیں۔ ریاست پاکستان ہر پاکستانی اور ہر بلوچ سے بات چیت کرنا چاہتی ہے، اس لیے الزام تراشی کے بجائے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، صوبائی وزیر برائے محصولات میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ اور سیاسی و قبائلی رہنما میر ساجد دشتی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
[…] عالمی اور ایشیائی سطح پر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے والے ویٹ لفٹرز حکومتی سرپرستی اور […]