کراچی: میر رضا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالتی کمیشن کی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کے ایڈیشنل سیکرٹری جاوید ابڑو نے وصول کر لی ہے۔ رپورٹ کے بعد واقعے سے متعلق حقائق سامنے آنے کا امکان ہے، تاہم اسے منظر عام پر لانے کا فیصلہ سندھ حکومت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق عدالتی کمیشن کی رپورٹ چار جلدوں پر مشتمل ہے، جبکہ رپورٹ دو الگ سربمہر لفافوں میں موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ اور اس کے ساتھ کورنگ لیٹر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام ہیں۔
چار جلدوں پر مشتمل رپورٹ سربمہر لفافوں میں جمع، 49 افراد کے بیانات ریکارڈ کا حصہ، قتل یا خودکشی کا تعین اور رپورٹ منظر عام پر لانے کا فیصلہ سندھ حکومت کرے گی
ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ جاوید ابڑو نے رپورٹ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی کمیشن کی رپورٹ مل گئی ہے، اب اس حوالے سے مزید فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میر رضا عدالتی کمیشن کی کارروائی اوپن کورٹ میں ہوئی، تاہم رپورٹ سربمہر لفافے میں موصول ہوئی ہے۔
جاوید ابڑو کے مطابق محکمہ داخلہ کا کام عدالتی کمیشن کی رپورٹ حکومت کو پہنچانا ہے، جبکہ آئندہ کا لائحہ عمل اور رپورٹ کو عام کرنے سے متعلق فیصلہ حکومت ہی کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی کمیشن کی رپورٹ میں میر رضا کیس سے متعلق 49 افراد کے بیانات شامل ہیں۔ کمیشن کی مجموعی طور پر 15 سماعتیں ہوئیں، جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی دو بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ عدالتی کمیشن 24 اگست کو تشکیل دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ میر رضا کی لاش 29 جولائی کو کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔ واقعے کے بعد طویل احتجاج کیا گیا، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کے بعد دوبارہ قبر کشائی بھی کی گئی۔
میر رضا کی موت کے حوالے سے یہ سوال اہم ہے کہ آیا انہیں قتل کیا گیا یا انہوں نے خودکشی کی۔ عدالتی کمیشن کی رپورٹ میں اس معاملے سے متعلق حقائق سامنے آنے کی توقع ہے، تاہم رپورٹ کے مندرجات باضابطہ طور پر عام ہونے تک کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا ممکن نہیں۔
دوسری جانب میر رضا کے اہل خانہ واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب تمام تر توجہ سندھ حکومت کے فیصلے پر مرکوز ہے کہ رپورٹ کو کب اور کس انداز میں عوام کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔