Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کیوں؟ محسن نقوی نے پارلیمنٹ میں اہم باتیں بتا دیں

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش تھی کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی نوبت نہ آئے، اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون اور مذاکرات کی ہر ممکن کوشش کی گئی، تاہم معاملات افہام و تفہیم سے حل نہ ہو سکے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مسئلے پر صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے متعدد کوششیں کیں، لیکن صوبے میں ایپکس کمیٹی کے قیام کے لیے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیر داخلہ کے مطابق رواں سال فروری میں پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، تاہم خیبرپختونخوا میں اس کمیٹی کے قیام کے لیے مشکلات پیش آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی خواہش تھی کہ دہشت گردی جیسے اہم مسئلے پر صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ وفاق نے آخری وقت تک مذاکرات کی کوشش کی، ایپکس کمیٹی کے قیام میں مشکلات پیش آئیں، دہشت گردی کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کو حقائق سامنے رکھ کر بات کرنی چاہیے۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آئے اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار شہید ہوتے رہے، لیکن ان واقعات کے اگلے روز وزیراعلیٰ کی جانب سے فوج کے خلاف بیانات سامنے آتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جب اسد قیصر نے دہشت گردی کے خلاف بات کی تو انہیں کہا گیا کہ ان کے مؤقف اور صوبائی حکومت کے بیانات میں فرق ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق مذاکرات کے دوران بھی دہشت گردی کا مسئلہ ان کی اولین ترجیح رہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وہ سہیل آفریدی سے بھی متعدد مرتبہ ذاتی طور پر ملاقات کر چکے ہیں اور حکومت نے آخری لمحے تک کوشش کی کہ صوبے میں ایمرجنسی نافذ نہ کرنا پڑے اور مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہو جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہر مرتبہ آگے بڑھ کر مذاکرات کیے اور وہ خود مذاکراتی عمل سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے زور دیا کہ حقائق کو سامنے رکھنا اور معاملات کا جائزہ درست تناظر میں لینا ضروری ہے۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر دہشت گردی کا الزام نہیں لگنا چاہیے۔ سیاسی معاملات کو ذمہ داری سے آگے بڑھایا جائے اور کسی جماعت کو دہشت گردی سے منسلک کرنے سے پہلے حقائق کو مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے متعلقہ سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنی صوبائی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر جائزہ لے کہ کہاں غلطی ہوئی اور معاملات کو بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ اس معاملے پر پریس ریلیز بھی جاری کی گئی ہے، تاہم ان کے بقول متعلقہ فریقین کی جانب سے دہشت گردی کی مذمت نہیں کی گئی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More