سوات: خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی علی الصبح تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقے سخاڈوب میں کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ ولد سید بشر، منصور علی ولد عبدالمطلب اور غفران اللہ ولد افضل خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سخاڈوب میں علی الصبح پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کمانڈر مظفر عرف خالد گروپ سے بتایا گیا، اسلحہ، کارتوس، ڈائری اور اہم دستاویزات برآمد
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر مظفر عرف خالد گروپ سے تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والے قومی شناختی کارڈز کے مطابق تینوں کا تعلق ضلع سوات سے تھا۔
ترجمان کے مطابق پولیس نفری کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد مکان سے تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ دو دہشت گرد فرار ہو گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، چھ میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ گیس سلنڈر، کھانے پینے کے برتن، تھانہ شکردرہ کا نقشہ اور ایک ڈائری بھی قبضے میں لی گئی۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد افضل خان گجر پر فائرنگ کے حملے، نعمت علی خان کے گھر اور ڈیرے پر فائرنگ، جبکہ سلیم اللہ عرف ساجد نیلا گرام کی ٹارگٹ کلنگ سمیت رواں سال پیش آنے والے متعدد دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہے۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔