Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

امریکا میں فضائی بحران شدت اختیار کر گیا، ہزاروں پروازیں منسوخ، مسافر ائیرپورٹس پر پھنس گئے

واشنگٹن:  امریکا میں فضائی سفر کا بحران دوسرے روز بھی ختم نہ ہو سکا، فضائی حدود کھلنے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود ائیرلائنز معمول کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام رہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف ائیرپورٹس پر پھنس گئے۔

ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت امریکا کے بڑے ائیرپورٹس پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر نے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ یہ تعداد فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی پیش گوئی سے بھی زیادہ ہے، جنہوں نے 41 ہزار طے شدہ پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار منسوخ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

دنیا بھر میں بھی فضائی آپریشن شدید متاثر رہا، جہاں 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور 19 ہزار 927 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں بڑی تعداد امریکی پروازوں کی تھی۔

فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ امریکن، یونائیٹڈ اور ڈیلٹا ائیرلائنز نے بھی اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کر دیں۔ متاثرہ مسافروں کو اضافی فیس کے بغیر دوسری تاریخوں پر سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

شکاگو کا اوہیئر ائیرپورٹ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ائیرپورٹ پر بھی 479 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

ٹیکساس کے ڈیلاس فورٹ ورتھ ائیرپورٹ پر تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ائیرپورٹ پر بھی 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ متعدد مسافروں کو رات ائیرپورٹس پر گزارنا پڑی۔

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازیں محفوظ طریقے سے روانہ ہو رہی ہیں، تاہم ائیرلائنز کو طیاروں اور عملے کی دوبارہ تعیناتی سمیت مسافروں کی ری بکنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ آج رات تک فضائی کمپنیاں اپنا مکمل شیڈول بحال کر لیں گی، تاہم مسافروں کو مزید تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More