Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

19 نومبر کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان، سیاسی جماعتوں کی عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیل

کوئٹہ:  بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے 19 نومبر کو صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنانے کے لیے رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا، جبکہ معدنی وسائل سے متعلق اسلام آباد سیمینار کی سفارشات بھی مسترد کر دیں۔

جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر آل پارٹیز رہنماؤں کا نمائندہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں تمام سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں فوری پارٹی اجلاس منعقد کریں اور تاجروں سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے رابطے کرکے 19 نومبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔

آل پارٹیز اجلاس نے اسلام آباد میں معدنی وسائل سے متعلق منعقدہ سیمینار اور اس کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا سیمینار میں دیا گیا بیان حقائق کے منافی ہے۔ سیاسی جماعتوں کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ پہلے ہی مسترد کیا جا چکا ہے اور اس کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے بھی رجوع کیا گیا تھا، جبکہ اتفاق کیا گیا تھا کہ موجودہ قانون ختم کرکے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نیا ایکٹ بنایا جائے گا۔

اجلاس میں ملک بھر کے سیاسی قیدیوں، بالخصوص عمران خان، تحریک انصاف کی قیادت و کارکنوں، علی وزیر، نوراللہ ترین، حنیف پشتون، عبدالصمد لالا، ماہ رنگ بلوچ اور ان کے ساتھیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اعلامیے میں مختلف اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف مبینہ منفی مہم اور پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیاسی قیادت کو بدنام کرنے کی کوششوں کا مقصد حکومتوں کے غیر آئینی اقدامات اور عوام دشمن پالیسیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

اجلاس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی، انتہاپسندی، قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، ٹرانسپورٹ کو نذر آتش کرنے، افغانستان اور ایران کے ساتھ تجارتی بندش، بے روزگاری، مہنگائی، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور لاپتہ افراد سمیت دیگر اہم مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

شرکاء نے صوبے میں وسائل کی لوٹ مار، قبضہ گیری اور مسلح جتھوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل اور امن کے قیام کے لیے سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔

اجلاس میں آل پارٹیز کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور مزید سیاسی جماعتوں کو شامل کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو مختلف جماعتوں سے رابطے کرکے انہیں مشترکہ سیاسی جدوجہد کا حصہ بننے کی دعوت دے گی۔ اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ 19 نومبر کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے صوبے کو درپیش بحرانوں سے نجات کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More