ماسکو: روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی امتیازی پالیسیوں کے باوجود روس پرامن سوچ رکھنے والے یورپی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
پریس بریفنگ کے دوران ماریہ زخارووا نے کہا کہ ماسکو یورپی یونین کی روس مخالف پالیسیوں کا جواب عام یورپی شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کرکے نہیں دے گا۔
یورپی یونین کی روس مخالف پالیسیوں کے باوجود عام شہریوں سے امتیازی سلوک نہیں کریں گے، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق یورپی ممالک کے شہریوں کی روسی زبان اور تعلیمی اداروں میں دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے، جبکہ بیرونِ ملک قائم روسی مراکز میں روسی زبان کے کورسز بھی جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں تقریباً دو ہزار افراد نے بیرونِ ملک روسی مراکز کے ذریعے روسی زبان کے کورسز میں تعلیم حاصل کی۔
روس اور یورپی یونین کے درمیان توانائی تعاون کی بحالی کے امکانات پر بات کرتے ہوئے ماریہ زخارووا نے کہا کہ برسلز کی جانب سے ملنے والے موجودہ اشاروں کے پیش نظر مستقبل قریب میں مکمل توانائی تعاون کی بحالی کے امکانات انتہائی محدود دکھائی دیتے ہیں۔
روسی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین کی موجودہ قیادت روس کے ساتھ عملی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے بجائے سیاسی محاذ آرائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔