Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خضدار میں طویل لوڈشیڈنگ کا معاملہ، کیسکو حکام نے بجلی کا شیڈول درست کرنے کی ہدایات جاری کر دیں

 کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے صدر ڈاکٹر حضور بخش زہری نے چیف انجینئر آپریشن کیسکو عادل عزیز سے ملاقات کرکے خضدار میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا معاملہ اٹھا دیا۔

چیف کیسکو آفس کوئٹہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران خضدار شہر کے سٹی، ریڈ زون، کزگی اور کالونی زون کے بجلی کے ٹائم ٹیبل اور لوڈشیڈنگ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر حضور بخش زہری نے کہا کہ متعلقہ فیڈرز پر طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بازاروں کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ مذکورہ علاقے اہم تجارتی مراکز ہونے کے ساتھ ریڈ زون کی حیثیت بھی رکھتے ہیں، جہاں بجلی کی مسلسل بندش سے شہریوں، تاجروں اور طلباء کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث لائبریریوں میں زیرِ تعلیم طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

ڈاکٹر حضور بخش زہری نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ فیڈرز کا بجلی کا شیڈول صبح 6 بجے سے رات 2 بجے تک مقرر کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال رہیں اور طلباء کو مطالعے کے لیے مناسب سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے دیگر فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے پر زور دیا۔

دوسری جانب، مطالبات اور تحفظات سننے کے بعد چیف انجینئر آپریشن کیسکو عادل عزیز نے متعلقہ حکام سے فوری ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بجلی کے شیڈول کی مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کیسکو حکام ان ہدایات پر عملی اقدامات کرتے ہوئے خضدار کے شہریوں، تاجروں اور طلباء کو طویل لوڈشیڈنگ سے درپیش مشکلات سے نجات دلائیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More