Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

نصیرآباد میں اساتذہ کی غیر حاضری پر ڈپٹی کمشنر کا سخت نوٹس، غفلت برداشت نہ کرنے کا فیصلہ

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضری اور تدریسی عمل کی بہتری کے حوالے سے متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرائض میں غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، تعلیمی معیار اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار معیاری تعلیم پر ہے۔ جدید علوم، سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی میں مہارت ہی ترقی یافتہ قوموں کی کامیابی کا بنیادی ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور نئی نسل کی بہتر تربیت میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اساتذہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، احساسِ فرض اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ ادا کریں تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ تعلیمی افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے اور اساتذہ کی بروقت حاضری کے ساتھ تدریسی عمل کو مسلسل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کی غیر حاضری طلبہ کے مستقبل کو متاثر کرتی ہے، اس لیے اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نصیرآباد میں تعلیمی سہولیات کی بہتری اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، تاکہ ضلع کے ہر بچے کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More