منامہ: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
بحرین کے دارالحکومت منامہ میں جی سی سی کی وزارتی کونسل کے 168ویں اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا کے حملوں میں حرمین شریفین کے اطراف کے علاقوں، شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔
اعلامیے میں ان حملوں کو بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
جی سی سی نے واضح کیا کہ رکن ممالک کی سلامتی ناقابلِ تقسیم ہے اور کسی ایک رکن ملک کے خلاف جارحیت تمام رکن ممالک کے خلاف جارحیت تصور ہوگی۔
کونسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے یمن اور حوثی ملیشیا سے متعلق قراردادوں پر مکمل عمل درآمد، حوثیوں کو اسلحے کی فراہمی روکنے اور میزائلوں و ڈرونز کے حصول میں مدد دینے والے ذرائع کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔
اعلامیے میں سعودی عرب پر حوثی حملوں، بشمول آرامکو کی تنصیبات کو نشانہ بنانے، سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 اکتوبر 2026 کے صدارتی بیان کا خیرمقدم کیا گیا۔
جی سی سی نے یمن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتے ہوئے بحران کے پُرامن سیاسی حل کے لیے مذاکرات اور مفاہمت کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔