Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

شیخ حسینہ کی وطن واپسی کی مخالفت پر بنگلہ دیش میں ہنگامے، بم دھماکے اور آتشزدگی، سینکڑوں اہلکار تعینات

ڈھاکا: بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے معاملے پر سیاسی کشیدگی شدت اختیار کر گئی، ملک کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں، گاڑیوں کو آگ لگانے اور پرتشدد مظاہروں کے بعد حکومت نے سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات کر دیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شیخ حسینہ نے اگست 2024 میں حکومت مخالف احتجاج کے بعد بھارت میں پناہ لی تھی۔ اب انہوں نے نیا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کرنے کی درخواست دیتے ہوئے دسمبر میں وطن واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے تاحال ان کی درخواست مسترد کر رکھی ہے۔

سابق وزیراعظم کی جماعت عوامی لیگ نے ان کی واپسی کے حق میں ایک ہفتے پر مشتمل احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام ملک گیر لاک ڈاؤن کی صورت میں ہونا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکے اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق گوپال گنج میں احتجاج کے دوران حکمران جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا، جبکہ ڈھاکا میں وزیر ثقافتی امور نتائی رائے چوہدری کی رہائش گاہ کے باہر بم دھماکا بھی ہوا۔ گوپال گنج میں بی این پی کے ایک رکن پارلیمنٹ کے گھر اور جماعت کے حامیوں کی دکانوں کو بھی آگ لگائی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی ضلع پیروج پور میں دو بسوں کو آگ لگانے کے واقعے میں ایک بس کمپنی کا معاون جھلس کر ہلاک ہوگیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق حالیہ واقعات میں کم از کم 7 اہلکار زخمی اور 8 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ادھر نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے قائم کردہ گرامین بینک کے دفاتر اور شاخیں بھی حملوں کی زد میں آگئیں۔ بینک انتظامیہ کے مطابق 10 نومبر سے اب تک کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آگ لگانے یا ایسی کوششوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، جبکہ منگل کی نصف شب کے بعد مزید 14 مقامات پر حملے ہوئے۔

ڈھاکا پولیس کے ترجمان نیاز مہدی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عوامی لیگ اور اس سے وابستہ گروہوں سمیت کالعدم تنظیموں کے کم از کم 71 ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے ملک میں جاری تشدد کا الزام شیخ حسینہ کی کالعدم جماعت عوامی لیگ پر عائد کیا ہے، تاہم گوپال گنج میں ہونے والے حملوں میں ملوث مشتبہ افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More