لاہور: سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے صوبوں کا قیام مثبت اقدام ہو سکتا ہے، تاہم بنیادی اصلاحات کے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
سیاسی سلطنتوں کا خاتمہ ضروری ہے، لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ بڑی بادشاہتوں کی جگہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور اقتدار ایک ہی شخص کے ہاتھ میں رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنانے سے درست کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے۔
ان کے مطابق سب سے پہلے شفاف اور نمائندہ جمہوریت کو یقینی بنایا جائے، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور دولت مند طبقے کی حکمرانی کا خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ متوسط طبقے کے لیے سیاست میں آگے آنے کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ سول سروس اور عدالتی نظام میں بھی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت شدید سیاسی تناؤ، دہشت گردی، غربت، کمزور نظام عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت جیسے مسائل سے دوچار ہے۔
ایسے حالات میں چھوٹے صوبے تو بنا دیے جائیں گے، لیکن بنیادی مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں یہ نظام غیر پائیدار ہوگا اور نئی پیچیدگیاں جنم لیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے اصل مسائل بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی اقدامات ہیں۔
اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو پہلے ان مسائل کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جلد بازی میں چھوٹے صوبوں کے قیام جیسے مثبت اقدام کو متنازع نہ بنایا جائے اور اس حوالے سے پہلے سنجیدہ مشاورت اور بنیادی اصلاحات کو یقینی بنایا جائے۔