لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی پیر محمد اشرف رسول اور خرم خان ورک نے ملاقات کی، جس میں ضلع شیخوپورہ کے عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی فلاحی پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو شیخوپورہ کے عوامی مسائل، ضروریات اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے شہر میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں پر عوامی ردعمل اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کو بھی سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال اور کینسر سینٹر قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تکمیل سے شہروں کی شکل و صورت تبدیل ہوئی ہے۔
عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور شہروں کو خوبصورت بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔