اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخابات میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں عطاء اللہ تارڑ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عطاء اللہ تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر کا متعلقہ دورہ ذاتی نوعیت کا تھا اور اس کا مقصد انتخابی مہم چلانا نہیں تھا۔ وہ اپنے وکیل کی ذاتی دعوت پر تقریب میں شریک ہوئے تھے، جہاں متعلقہ امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔
وکیل نے کہا کہ عطاء اللہ تارڑ الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
اس حوالے سے تحریری جواب بھی جمع کرا دیا گیا ہے جبکہ غیر مشروط معذرت کرتے ہوئے معاملہ کمیشن پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ بے شک وکیل کی دعوت پر گئے تھے، لیکن آپ وفاقی وزیر بھی ہیں۔ سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کہا کہ حکومت کا مؤقف واضح ہے، صوبے عوامی رائے کی بنیاد پر بننے چاہئیں اور اگر عوام کی خواہش ہو تو نئے صوبے قائم کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت کی حالیہ ملاقات میں مختلف معاملات پر بات چیت اور افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کی شق واضح ہے اور قومی اہمیت کے معاملات پر عوامی رائے حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بھی عوامی رائے سامنے آنی چاہیے، جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکتا ہے۔