اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، جس میں وزارت دفاع کے حکام بھی پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت وزارت دفاع کے حکام نے بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق درخواست وفاقی حکومت کو ارسال کردی گئی ہے، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کے لیے وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا ہے جبکہ دو کنٹونمنٹ بورڈز کی حلقہ بندیاں بھی ابھی مکمل نہیں ہوئیں۔
وزارت دفاع کے مشیر قانون نے کمیشن سے استدعا کی کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کے لیے جنوری 2027 تک مہلت دی جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز نے یقین دہانی کرائی کہ مقررہ مدت تک حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے انتخابی عمل میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت وزارت دفاع کو بھی جواب نہیں دے رہی اور نہ ہی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ریمارکس دیے کہ جن علاقوں میں حلقہ بندیاں مکمل نہیں ہوئیں، انہیں چھوڑ کر دیگر کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کرائے جاسکتے ہیں، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی معقول وجہ دکھائی نہیں دیتی۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
[…] جانب الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے نئے […]