ٹورنامنٹ کے افتتاحی مقابلے میں دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز اور گزشتہ سیزن کی رنرز اپ ایم آئی ایمریٹس کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
لیگ کے آغاز سے ایک روز قبل ایکسپو سٹی دبئی میں ڈی پی ورلڈ کے دفتر میں چھوں فرنچائزز کے نمایاں کھلاڑیوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی تیاریوں، ٹائٹل جیتنے کے عزائم اور لیگ کے بڑھتے ہوئے عالمی معیار پر اظہار خیال کیا۔
ڈیزرٹ وائپرز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ پین نے شاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کو بہترین فیصلہ قرار دیا، جبکہ بابر اعظم کی عالمی معیار کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔
ایم آئی ایمریٹس کے راشد خان نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20 کے آغاز سے متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کو نمایاں فروغ ملا ہے اور مقامی نوجوانوں کو عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع مل رہے ہیں۔
دبئی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے بھی لیگ کے معیار اور متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کی سہولیات کو سراہا۔
ابوظبی نائٹ رائیڈرز کے کولن منرو، گلف جائنٹس کے کپتان ہینرک کلاسن اور شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے اپنی ٹیموں کی تیاریوں اور ٹائٹل جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سکندر رضا نے لیگ میں ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کی لازمی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شام ساڑھے 6 بجے ہوگی، جس میں خصوصی پرفارمنس، نئے ترانے کی رونمائی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ افتتاحی میچ شام 7 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔
پانچویں سیزن کے 34 مقابلوں میں بابر اعظم، سنیل نارائن، نکولس پورن، جونی بیئرسٹو، فل سالٹ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ ملر اور لیام لیونگسٹون سمیت عالمی کرکٹ کے بڑے نام اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔
کمنٹری پینل میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے علاوہ آسٹریلیا کے بریٹ لی، بھارت کے نوجوت سنگھ سدھو اور رابن اتھاپا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ایان بشپ شامل ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز کی بین الاقوامی نشریات مختلف ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کی جائیں گی۔ شائقین آئی ایل ٹی 20 کی آفیشل ٹکٹنگ ویب سائٹ اور پلاٹینم لسٹ سے میچز کے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
منتظمین کے مطابق لیگ کا پانچواں سیزن عالمی کرکٹ ستاروں اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت سے متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے فروغ اور شائقین کو دلچسپ مقابلے فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔